پیغام صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
پیاری ممبرات لجنہ اماء اللہ بھارت
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے صد سالہ جشن تشکرلجنہ اماء اللہ کے مبارک موقع پر لجنہ اماء اللہ بھارت کو اپنی ویب سائٹ لانچ کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ
اس زمانہ میں نئی ایجادات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی صداقت کی دلیل ہیں:
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو 1897ء میں الہام ہوا
’’اَلْاَرْضُ وَالسَّمَآ مَعَکَ کَمَا ھُوَ مَعِیَ‘‘
(سراج منیر روحانی خزائن جلد اوّل صفحہ 83)
یعنی آسمان اور زمین تیرے ساتھ ہیں۔
حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ اس الہام کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ:
“اس الہام کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایک ایسے ترجمے کے ساتھ پیش کیا ہے کہ جو خود اپنی ذات میں ایک تشریح اور تفسیر کے معینے رکھتا ہے فرماتے ہیں کہ یعنی آسمان اور زمین تیرے ساتھ ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ آسمانی طاقتیں اور خدائی نوشتے تیری تائید کریں گے اس زمین پر تو اپنی کوشش کر لیکن آسمان سے ایسی ہوائیں چلائی جائیں گی جو تیری مددگار ثابت ہوں گی۔” (خطبہ جمعہ 25جولائی 1997ء)
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہےکہ یہ اللہ تعالیٰ کی قدیم سے سنت ہے کہ وہ دو قدرتیں دکھلاتا ہے یہ دوسری قدرت نظام خلافت ہے۔ نظام خلافت کا دینی ترقی کے ساتھ ایک اہم تعلق ہے دینی ترقی بغیر خلافت کے ہو ہی نہیں سکتی۔اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کو جو ترقیات عطا فرما رہا ہے یہ تمام خلافت کی برکات ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ اپنا تعلق خلیفۂ وقت کے ساتھ مضبوط کرتی چلی جائیں۔
سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
’’خلافت احمدیہ سے اپنی وفا اخلاص اور محبت کے رشتے کو مضبوط تر کرتے چلے جائیں۔ اس سے ایسی للہی محبت آپ کے دلوں میں ہو کہ اس کے مقابل پر تمام دوسرے رشتے آپ کو کم تر نظر آنے لگیں۔ یاد رکھیں وہی شاخ پھول پھل سکتی ہے جو درخت کے ساتھ پیوستہ ہو۔ آج آپ کی تمام خوشیاں کامیابیاں اور ترقیات خلافت احمدیہ سے وابستہ کر دی گئی ہیں۔ خلافت ہی آپ کے دین کو مضبوط کرے گی، آپ کے خوف کو امن میں بدلے گی۔ جس قدر آپ کا تعلق خلافت سے مضبوط ہوگا اسی قدر آپ روحانیت میں ترقی کریں گے اسی سے آپ کی آئندہ نسلوں کی تربیت ہوگی، اسی سے آپ کا دین سنورے گا اور اسی سے آپ کی دنیوی فلاح و بہبود کے راستے کھلیں گے۔ آپ خوش قسمت ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے خلافت جیسی عظیم نعمت عطا فرمائی ہے۔ اس حبل اللہ کو مضبوطی سے تھام لیں۔ اس سے دلی وابستگی کی برکت سے آپ کا آپس میں پیار ومحبت بھی بڑھے گا اور دنیا میں حقیقی توحید کا قیام ہوگا۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے آپ کو اس نعمت کی قدر کرنے کی توفیق دے اور ہمیشہ اپنے شکر گزار بندوں میں شامل رکھے…. (آمین)۔‘‘
(نورالدین جرمنی۔ شمارہ نمبر 3۔ 2007ء صفحہ 4)
ہمارے لئے یہ بہت شکر کا مقام ہے کہ خلافت کی برکت سے اللہ تعالیٰ ہمیں ویب سائٹ لانچ کرنے کی توفیق عطا فرما رہا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ لجنہ اماء اللہ بھارت کی ویب سائٹ کا انعقاد بہت مبارک ہو اور تمام ممبرات لجنہ وناصرات اس سے بھرپور استفادہ کرنے والیاں ہوں۔ آمین۔ اللھم
آمین