پیغام صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم وعلی عبدہ المسیح الموعود

پیاری ممبرات لجنہ اماءاللہ بھارت

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ازراہ شفقت منظوری سےصد سالہ جشن تشکر لجنہ اماء اللہ کے موقع پر لجنہ اماءاللہ بھارت کی یہ websiteجاری کی گئی تھی۔ اب اسے updateکیا جا رہا ہے۔الحمد للہ 
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ websiteہمارا علمی معیار بڑھانے  اور معرفت الٰہی حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو۔ آمین
اللہ تعالیٰ قرآن شریف میں فرماتا ہے:

وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَتَ اللہِ لَا تُحْصُوْھَا ط اِنَّ الْاِنْسَانَ لَظَلُوْمٌ کَفَّارٌ

ترجمہ: اور اگر تم اللہ کی نعمتیں گنو تو کبھی ان کا شمار نہ کر سکو گے۔ یقیناً انسان بہت ظلم کرنے والا (اور) بہت ناشکرا ہے۔

بانئ تنظیم لجنہ اماءا للہ حضرت مصلح موعودؓ کا ہم عورتوں پر بڑا احسان ہے کہ آپ نے ہم کو مردوں کے شانہ بشانہ خدمت دین کے میدان میں برابر کے مواقع عطا فرمائے جس کے لئے ہمیں ہمیشہ شکر گزار رہنا چاہئے نیز آپؓ کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔ آپؓ فرماتے ہیں:

’’پس سب سے ضروری بات یہ ہے کہ عورتیں مذہب سے واقف ہوں، مذہب سے ان کا تعلق ہو، مذہب سے انہیں محبت ہو، مذہب سے انہیں پیار ہو۔ جب ان میں یہ بات پیدا ہو جائے گی تو خود بخود اس پر عمل کریں گی اور دوسری عورتوں کے لئے نمونہ بن کر دکھائیں گی اور ان میں اشاعت اسلام کا ذریعہ بنیں گی۔ ہاں انہیں یہ بھی سمجھ لینا چاہئے کہ جس طرح مرد مردوں کو دین سکھاسکتے ہیں اسی طرح عورتیں عورتوں کو سکھا سکتی ہیں۔‘‘(الازہار لذوات الخمار صفحہ 19)

ہمارے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نیشنل اجتماع یوکے 2023ء کے موقع پر فرمایا:

’’ اب نئی صدی کا باب کھل رہا ہے تو اللہ کرے کہ لجنہ کی آئندہ صدی میں آپ کو دور اوّل کی خواتین کی طرح نمونہ کے طور پر پیش کیا جائے کہ یہ احمدی خواتین ہیں جنہوں نے خدا اور اس کے رسول اور دین کی خاطر قربانی کرکے اسلام اور احمدیت کو دنیا میں ترقی دینے میں عظیم الشان کردار ادا کیا ہے۔‘‘

اس ارشاد کی روشنی میں آئیں ہم دعا کرتے ہوئے کوشش اور شوق کے ساتھ آگے بڑھیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری مدد اور راہ نمائی فرمائے۔ آمین۔اللہ تعالیٰ اس websiteکو مزید بہتر سے بہتر بنانے کی توفیق عطا کرے اور اس کام میں ممد جملہ معاونات کو اجر عظیم سے نوازے۔ آمین

والسلام

منصورہ الٰہ دین
صدر لجنہ اماء اللہ بھارت